9 ستمبر 2014 - 17:58
نواز شریف کا نریندر مودی کو شکریہ کا خط

ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی کی پاکستان میں سیلاب سے متاثر علاقوں میں امداد کی پیشکش کے جواب میں پاکستانی وزیراعظم نواز شریف نے انہیں شکریہ کا خط لکھا ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق نواز شریف نے اپنے ہندوستانی ہم منصب کے نام لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ مصیبت کی اس گھڑی میں ہندوستان کے وزیراعظم کا اظہار یکجہتی کرنا قابل تعریف ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز ہندوستان کے وزیراعظم نے اپنے پاکستانی ہم منصب کے نام خط میں کہا تھا کہ لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب ہونے والا جانی اور مالی نقصان برابر ہے اور میرا دل متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کا شریک ہے۔ مودی کا کہنا تھا کہ مصیبت اور غم کی اس گھڑی میں، میں حکومت پاکستان کو امدادی کارروائیوں میں مدد کی پیشکش کرتا ہوں اور جب آپ کہیں گے ہمارے وسائل آپ کے لیے دستیاب ہوں گے۔
قابل ذکر ہے کہ حالیہ سیلاب نے پاکستان اور ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے جس میں اب تک سیکڑوں افراد جاں بحق اور ہزاروں گھر منہدم ہو چکے ہیں جبکہ ہزاروں ایکڑ رقبے پر پھیلی کھڑی فصلیں بھی تباہ ہو گئیں۔

.......

/169